*🌹حالت روزه ميں انجكشن لگوانے كا شرعى حكم؛🌹*
اسلام علیکم ورحمت اللہ ۔۔۔۔۔کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسلے کے متعلق کہ ایک آدمی کو دن میں انجیکشن کی ضرورت ہے اور وہ حالت روزہ میں ہے اور وہ اگر انجکشن لگواۓ تو کیا اس کا روزہ باقی رہے گا یا ٹوٹ جائے گا اب انجکشن ایک تو گوشت میں لگایا جاتا ہے اور دوسرا ۔رگ۔ یعنی نس میں دونوں کے متعلق جواب عنائت فرما کر شکریہ کا موقع دیں
🌹سائل🌹محمد حنیف رضوی کشمیر
◆ــــــــــــــــ▪♦▪ــــــــــــــــ◆
*وعلیکم السلام ورحمتہ الله وبركاته*
*الجــواب بعــون المــلــك الــوهـــاب؛*
حالتِ روزہ میں انسولین کا انجکشن لگاناجائزہے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ عمومی طور پر انجکشن کی سوئی جوف (معدہ یا معدہ تک جانے والے راستوں کے اندرونی حصے) یا دماغ تک نہیں پہنچائی جاتی اور جوف تک جانے کا کوئی عارضی راستہ بھی نہیں بنتاکہ جس کے ذریعے دوائی جوف تک پہنچ سکے لہٰذایہ انجکشن روزہ ٹوٹنے کا سبب نہیں ۔ مسامات کے ذریعے کسی چیز کا داخل ہوناویسے ہی روزے کے منافی نہیں جیسا کہ جسم پر تیل لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کہ تیل اگرچہ جسم کے اندر جاتا ہے لیکن مسامات کے ذریعے اور یہ روزے کے خلاف نہیں ۔
*شہزادۂ اعلیٰ حضرت مفتیِ اعظم ہند حضرت علامہ مولانا محمد مصطفی رضانوری* *( متوفی 1402ھ) رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ لکھتے ہیں:*
*’’فی الواقع انجکشن سے روزہ فاسد نہیں ہوتاکیونکہ انجکشن سے دواجوف میں نہیں جاتی ، انجکشن ایسا ہی ہے جیسے سانپ کاٹے،بچھو کاٹے ، جیسے ان کے دانت یا ڈنک جوف میں نہیں جاتے اور روزہ فاسد نہیں ہوتا یوں ہی انجکشن ۔ ‘‘*
*(فتاوی مفتی اعظم، کتاب الصوم،۳/۳۰۲)*
فقیہِ اعظم مفتی نور اللہ نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ لکھتے ہیں
’’اگر کوئی ٹیکہ جوف میں کیا جائے یعنی سوئی جوف تک پہنچا کر دوائی جوف میں ڈالی جائے تو ایساٹیکہ ضرور مُفْسدِ صوم ہوگا،.....یونہی جوف تک پہنچنے والے کسی اصلی راستے (حلق، کان، ناک ، مَبْرَز، مَبالُ المرأۃ) کے اندرونی حصہ میں یا دماغ میں حسبِ دستور سوئی کے خود ساختہ راستہ سے دوائی پہنچانا بھی مفسد ہے کیونکہ دماغ اور اصلی راستوں کے اندرونی حصے بھی جوف ہی کے حکم میں ہیں ، اس لئے کہ ان راستوں کے خلاء، خلاءِ پیٹ سے ملے ہوئے ہیں اور دماغ و جوف کے مابین بھی چونکہ قدرتی راستہ ہے تو جو چیز دماغ میں پہنچے وہ جوف میں پہنچ جاتی ہے لہٰذا دماغ اور اصلی راستوں کے اندرونی حصے جوف کے کونوں کی طرح ہیں ..... ایسے عام ٹیکے جن میں دوائی جوف و دماغ تک بذریعہ سوئی نہیں جاتی بلکہ سوئی رہتی ہی جوف سے بالائی یا زیریں حصوں میں ہے روزہ فاسد نہیں کرتےکَمَا مَرَّ اَوَّلاً ایضاً کہ اس صورت میں تو جوف و دماغ تک عارضی راستہ بنتا ہی نہیں تو دوائی پہنچنے کا کوئی احتمال ہی نہیں ۔ ‘‘
*(فتاوی نوریہ، کتاب الصیام، رسالہ: روزہ وٹیکہ، ۲/۲۱۹-۲۲۳، ملتقطاً.)*
فتاویٰ فیض الرسول میں ہے :
’’تحقیق یہ ہے کہ انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے رَگ میں لگایا جائے چاہے گوشت میں۔‘‘
*(فتاوی فیض الرسول، کتاب الصوم، ۱/۵۱۶)*
فتح القدیرمیں ہے:
”والمفطرالداخل من المنافذکالمدخل والمخرج لا من المسام“
یعنی روزہ وہ چیز توڑتی ہے جو کسی منفذ کے راستے جسم میں داخل ہو جیسے مَدخل (یعنی منہ ،ناک وغیرہ)ومَخرج(یعنی پاخانے کا مقام وغیرہ)۔مسام کے ذریعے داخل ہونے والی چیز روزہ نہیں توڑتی۔
*(فتح القدیر، کتاب الصوم، باب ما یوجب القضاء والکفارۃ، ۲/۲۵۷.)*
علامہ ابنِ نجیم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ لکھتے ہیں:
”والداخل من المسام لا من المسالک فلا ینافیہ کما لو اغتسل بالماء البارد ووجد بردہ فی کبدہ“
یعنی جو چیز مسام کے ذریعے داخل ہو راستوں کے ذریعے داخل نہ ہوتو وہ روزہ کے منافی نہیں جیسے اگر ٹھنڈے پانی سے نہایا اور اس کی ٹھنڈک اپنے جگر میں محسوس کی (تو روزہ نہیں ٹوٹے گا)۔
*(بحر الرائق، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، ۳/۴۷۶.)*
فتاویٰ عالمگیری میں شرح المجمع کے حوالے سے ہے:
”وما یدخل من مسام البدن من الدھن لا یفطر“یعنی جو تیل بدن کے مسام کے ذریعے جسم میں داخل ہو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔(فتاوی ہندیۃ ، کتاب الصوم، الباب الرابع فیما یفسد وما لایفسد، ۱/۲۰۳)
*حوالہ: فتاویٰ اہلسنت، احکام روزہ و اعتکاف، قسط ٩، صفحہ نمبر ۱۲/۱۱/۱۰*
*والله تعالى اعلم بالصواب؛*
◆ــــــــــــــــ▪♦▪ــــــــــــــــ◆
*✍ازقلـــم:- ابــو حنـــیـــفـــہ محـــمـــد اکـبــــر اشــرفــی رضـوی، رکـن شـوریٰ سـنــــی تبـــلیــغـــی مشـــن، مانـخـــورد مـــمـــبـــئـــی*
*بتاريخ، ٢۶ شَعْبَانُ الْمُعَظَّم ٠۴۴١ھ*
*🔹فخر ازهر فقہى گـروپ؛🔹*
*رابطہ؛ 9167698708*
◆ــــــــــــــــ▪♦▪ــــــــــــــــ◆
*✅الجواب صحيح والمجيب نجيح*
*حضـرت عـلامـہ مـولانـا محــمــد جـــابـــرالقــــادری رضـــوی صـــاحــب قبــلــہ مــدظلــہ العـالـی والنـــورانـــی مســجـــد نـــور جـــاجپــور اڑیســہ*
◆ــــــــــــــــ▪♦▪ــــــــــــــــ◆
🔰العــلم نــور گـروپ ٹيـلـى گــرام لنــــک:🔗 t.me/ALLILMUNOOR
◆ــــــــــــــــ▪♦▪ــــــــــــــــ◆
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔